حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ملک گیر شیعہ کانفرنس کے انعقاد کو حتمی شکل دے دی ہے۔کانفرنس کا مقصد قومی بیانیہ کے مطابق متنازع یکساں نصاب تعلیم کی ناگزیر اصلاحات پر زور دینا ہے۔
ایم ڈبلیو ایم اصلاح نصاب کمیٹی کے مرکزی کنوینر مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے بزرگ عالم دین علامہ افتخار حسین نقوی،سابق وزیر تعلیم منیر حسین گیلانی، شیعہ علمائکونسل کے رہنما علامہ عارف واحدی، ماہر تعلیم سید امتیاز نقوی،جید علمائے کرام و عمائدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔
کانفرنس کا آغاز 12مارچ بروز ہفتہ بعد از نماز ظہرین امام بارگاہ جامعہ الصادق جی نائن میں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم کے نام ہر ملت تشیع کے عقائد پر ضرب لگانے کی کوشش کی گئی ہے جس نے پاکستان کے سات کروڑ تشیع کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے۔
پاکستان کی تمام شیعہ جماعتوں کو نصاب کے متنازع نکات پر شدید تحفظات ہیں۔جن کی نشاندہی مجلس وحدت مسلمین کر چکی ہے۔کوئی بھی ایسا نصاب کسی بھی طور قابل قبول نہیں جس کا مقصد نئی نسل کو مذہبی ہم آہنگی سے دور کر کے مذہبی منافرت کا درس دینا ہو۔انہوں نے کہا شیعہ کانفرنس تاریخی اہمیت کی حامل ہوگی اور اس سے بہترین و مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔